|

وقتِ اشاعت :   January 6 – 2019

کوئٹہ : صوبائی وزیر اطلاعات و ہائیر ایجوکیشن میر ظہور احمد بلید ی نے کہا ہے حکومت نے چار ماہ کی قلیل مدت میں صوبے کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے اقدامات شروع کردئیے ہیں ،صوبے میں خشک سالی سے نمٹنے کے لئے دیر پا اقدامات کیے جارہے ہیں ،سرسبز و پھلتا پھولتا بلوچستان ہمارا مشن ہے جسے پائیہ تکمیل تک پہنچائیں گے، آنے والے دنوں میں صحت ،تعلیم اور پینے کے صاف کے شعبوں میں واضح بہتری نظر آئے گی۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں حکومت بلوچستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے مابین بلوچستان واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ سیکٹر پروجیکٹ کے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب کے بعد پریس بریفننگ دیتے ہوئے کہی اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ژیاؤ ہانگ یانگ اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات سجاد احمد بھٹہ بھی انکے ہمراہ تھے ۔

میر ظہور بلیدی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے چار ماہ میں صوبے کے بنیادی مسائل صحت ،تعلیم اور پانی کے حل کے لئے بلوچستان واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ پروجیکٹ پر کام شروع کیا جارہاہے ، جس میں آسان شرائط پر سو ملین ڈالر قرضہ اور حکومت جاپان پانچ ملین ڈالر امداد فراہم کرے گی جبکہ حکومت بلوچستان نے بھی اس منصوبے میں شراکت داری کی مد میں چار ارب روپے مختص کئے ہیں۔

یہ منصوبہ پانچ سال کی مدت میں مکمل ہوگا، منصوبے کے تحت بلوچستان کے دو بڑے سیلابی دریاؤں جو کہ ژوب ڈویژن کے اضلاع قلعہ سیف اللہ، ژوب، شیرانی، قلات ڈویژن کے اضلاع خضدار، قلات، سکندرآباد اور نصیر آباد ڈویژن کے ضلع جھل مگسی سے گزرتے ہیں کے سیلابی پانی کواستعمال میں لایا جاسکے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت ژوب ڈویڑن میں 210فٹ کی اونچائی کے حامل سرہ توئی ڈیم کی تعمیر اور دیگر آبی منصوبوں کی تعمیر وبحالی، قلات ڈویژن کے مختلف اضلاع میں مختلف آبی منصوبوں کی تعمیر اور پہلے سے تعمیر منصوبوں کی تعمیروبحالی شامل ہے جبکہ محکمہ زراعت کی معاونت سے تقریباً پچاس ہزار ایکڑ اراضی کو زیرکاشت لانا او ر محکمہ جنگلات کے ذریعہ تقریباً گیارہ ہزار ایکٹر رقبے پر شجر کاری اور موجود ہ جنگلات کا تحفظ بھی منصوبے کا حصہ ہے۔

حکومت جاپان کی مالی معاونت سے دریائے ژوب اور دریائے مولہ پر ٹیلی میٹرز کی تنصیب اور محکمہ آبپاشی، زراعت، جنگلات، حیوانات اور ماحولیات کے اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ سیکٹر پروجیکٹ میں شامل دیگر منصوبوں میں دریائے ژوپ پر مسلم باغ سیلابہ سٹرکچر کی تعمیر، احمد زئی ایریگیشن اسکیم کی بحالی اور مرمت، سردار اختر ایریگیشن کی تعمیر، دریائے مولہ خضدار پر چھری ایریگیشن اسکیم کی تعمیر، پشتہ خان، گرام بواد ایریگیشن اسکیم کی تعمیر وبحالی، کرخ ویلی ڈویلپمنٹ اسکیمز کی توسیع اور بہتری، خرزان اٹھاچی ایریگیشن اسکیم کی تعمیر وبحالی، منیالو، ریکو، رند علی ایریگریشن اسکیم کی تعمیر کے علاوہ ضلع خضداراور ضلع ژوب میں دو فروٹ پروسیسنگ پلانٹس اور دو عدد زیتون پراسیسنگ پلانٹس کا قیام شامل ہیں۔

میرظہور بلیدی نے کہا کہ قہط سے سالی بلوچستان کے متعد اضلاع متاثر ہیں حکومت اس سنگین مسئلے کے حل کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبائی حکومت کے طویل اور قلیل المدتی منصوبوں سے صوبے میں خشک سالی اور قہط سالی کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا ۔