|

وقتِ اشاعت :   January 9 – 2019

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ کوئٹہ کی جنرل سیکرٹری سعیدہ بانو خلجی نے کہا ہے کہ ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے بدعنوانی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔وفاقی حکومت 21 کروڑ عوام کی ترقی و خوشحالی پر یقین رکھتی ہے ملک میں ترقی کے سفر کا آغاز بلوچستان سے ہوگا۔ 

گزشتہ روزپارٹی کی خواتین کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعیدہ بانو خلجی نے کہا کہ گزشتہ 70 سالوں سے ملک میں ترقی کے سفر کو روک کر سیاسی جماعتوں نے اپنے اقتدار کو دوام بخشنے کیلئے ایک دوسرے کو این آر او دیکر ملک کو معاشی اور انتظامی طور پر تباہ کردیا ہے۔

2018ء4 کے انتخابات میں چاروں صوبوں میں عوام نے گروہی اورذاتی مفادات کیلئے سیاست کرنے والی جماعتوں کو مسترد کرکے تحریک انصاف کے حق میں اپنا ووٹ دیکر پارٹی کو وفاق میں حکومت کا موقع دیاجو سیاسی مخالفین کو ہضم نہیں ہوپارہا۔ اسلام اور خوشنما نعروں کے ذریعے عوام کا استحصال کرکے ملکی دولت کو بیرون ملک منتقل کرنے والے احتساب سے راہ فرار اختیار کرنے کیلئے وفاقی حکومت اور ملکی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں مخلوط صوبائی حکومت کیساتھ صوبے میں ترقی کے سفر کا آغاز کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کررہی ہے سی پیک کی تکمیل سے بلوچستان میں معاشی انقلاب آئیگا۔