|

وقتِ اشاعت :   January 9 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کی رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے کہا ہے کہ پڑھے لکھے اور پر امن بلوچ سماج کی تشکیل کیلئے عوام نے پارٹی کو اپنا مینڈیٹ دیا ، عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں پارٹی کے ووٹ چرانے والے عوام کے دلوں سے پارٹی کی مقبولیت کو ختم نہیں کرسکتے۔

گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے شکیلہ نوید دہوار نے کہا کہ 14جنوری کوہونے والے سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن جماعتیں اپنے متفقہ امیدوارکی کامیابی کیلئے کوشش کریں گی۔ 

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے قومی وقار کی بالادستی کیلئے ہم نے اپنے حصہ کا کردارادا نہیں کیا تو تاریخ ہمیں کھبی معاف نہیں کریگی۔ بلوچستان نیشنل پارٹی صوبے کی آئندہ نسلوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا تاریخی کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70 سالوں سے بلوچستان کے مسائل اور بحرانوں کا حل صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ بی این پی نے پرامن پارلیمانی سیاست پر یقین رکھتے ہوئے بلوچستان کے اجتماعی مسائل کے حل کیلئے وفاق کو چھ نکات پیش کئے ہیں۔ 

وفاق لاپتہ افراد کی بازیابی سمیت بلوچستان کے اہم معاملات پر قانون سازی کرکے بلوچستان میں ترقی کے سفر کا آغاز کرے۔ انہوں نے کہاکہ آمریت اور نام نہاد جمہوری ادوار میں ساتھیوں کی شہادتوں کے باوجود بلوچستان نیشنل پارٹی نے سخت ترین حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے صوبے کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے ہر فورم پر اپنے عوام کیلئے آوازبلندکی۔