|

وقتِ اشاعت :   January 17 – 2019

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے چینی کمپنی سی سی ایف ای بی ( CCFEB)کے پاکستان میں صدر وی (Mr. Wei)نے بدھ کے روز یہاں ملاقات کی جس میں سی پیک کے تناظر میں بلوچستان میں تعمیرات، بنیادی ڈھانچہ، مواصلات اور صنعتی شعبہ میں شراکت داری کی بنیاد پر ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔

صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے، چینی کمپنی کے ڈائریکٹر نے سی پیک منصوبے میں بلوچستان کی اہمیت سے اتفاق کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں منصوبے شروع کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور بتایا کہ ان کی کمپنی سی پیک میں شامل ایسٹرن کوریڈور کے ایم 5سیکشن کی تعمیر کا کام کررہی ہے جو تکمیل کے مراحل میں ہے۔

انہوں نے سی پیک کے مجوزہ منصوبے نوکنڈی، ماشکیل، پنجگور شاہراہ پر کام کرنے میں دلچسپی ظاہر کی اور کہا کہ منصوبے پر چین کے سوفٹ لون یا بی او ٹی کی بنیاد پر کام کا آغاز کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی گوادر ماسٹر پلان کے تحت گوادر میں بنیادی ڈھانچہ کی فراہمی کے منصوبوں پر بھی کام کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے، اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان کے مفاد کے مطابق مختلف شعبوں میں شراکت داری کے تحت منصوبے شروع کرنے کا خیرمقدم کرے گی۔

خاص طور سے سی پیک کی مجوزہ مغربی راہداری، بلوچستان کی حکومت اور عوام کے لئے بے پناہ اہمیت رکھتی ہے اور وزیراعظم نے ا س منصوبے پر کام شروع کرنے اور ژوب تا کراچی دورویہ شاہراہ کی تعمیر کی یقین دہانی کرائی ہے، وزیراعلیٰ نے چینی کمپنی کو نوکنڈی، ماشکیل، پنجگور شاہراہ اور منرل کوریڈور کے علاوہ بوستان، چمن، کوئٹہ، حب اور گوادر میں انڈسٹریل اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز کے قیام کے منصوبوں پر کام کرنے کی دعوت دی۔

چینی کمپنی کے ڈائریکٹر نے کہا کہ جلد ان کی کمپنی کے ماہرین بلوچستان کا دورہ کرکے مجوزہ منصوبوں کی سٹڈی کریں گے اور فزیبیلیٹی رپورٹ تیار کی جائے گی، چینی کمپنی کے ڈائریکٹر نے اس موقع پر وزیراعلیٰ کو چیئرمین ماؤ کا مجسمہ پیش کیا۔