|

وقتِ اشاعت :   January 23 – 2019

کوئٹہ :  ڈیرہ بگٹی کی سوئی گیس فیلڈ سے گیس کی فراہمی کیلئے حکومت بلوچستان اور پی پی ایل کے درمیان معاہدہ ختم ہوئے ڈیڈھ سال ہوگیا،موجودہ صوبائی حکومت کا پرانے معاہدے کی تجدید سے انکار،نئے معاہدے کیلئے جوائنٹ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق ہوگیا۔

محکمہ توانائی کے حکام کے مطابق حکومت بلوچستان اور پاکستان پیڑولیم لمیٹیڈ کے درمیان جون 2015میں ڈیرہ بگٹی سے سوئی گیس کی فراہمی کیلئے معاہدہ ہوا تھا جس کی مدت دو برس تھی ، یہ معاہدہ جون 2017میں اختتام پذیر ہوگیا، اگست 2018میں نئی وفاقی حکومت کی تشکیل کے بعد پی پی ایل نے اس معاہدے کی تجدید کیلئے جام کمال کی سربراہی میں موجودہ صوبائی حکومت سے رابطہ کیا۔

تو صوبائی حکومت نے پرانے معاہدے کی تجدید سے انکار کرتے ہوئے نیا معاہدہ تیار کرنے کا مطالبہ کردیا، وفاقی حکومت نے بلوچستان حکومت کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے معاہدے کے ازسر نو جائزے کیلئے جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے،اس گروپ میں وفاقی حکومت ،بلوچستان حکومت کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ پی پی ایل کے آفیسران بھی شامل ہوں گے۔