اسلام آباد: قومی اسمبلی كا ماحول خراب كرنے والے اركان اسمبلی كے خلاف ایكشن لینے كے لیے اسپیكر كی سربراہی میں 13 رکنی “كنڈكٹ” كمیٹی تشكیل دے دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری، ایم كیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی اور وزیر ریلوے شیخ رشید كمیٹی كے ركن بنائے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ طارق بشیر چیمہ، مولانا اسعد محمود، اختر مینگل، خالد مگسی، غوث بخش مہر، امیر حیدر خان ہوتی اور شاہ زین بگٹی بھی 13 ركنی كمیٹی میں شامل ہیں۔
نوٹی فكیشن كے مطابق كسی بھی ركن كے خراب رویے كے خلاف شكایت ایوان یا اسپیكر كی جانب سے كمیٹی كو بھیجی جائے گی جس پر كمیٹی فیصلہ كرے گی، كمیٹی اراكین كے طرز عمل كا جائزہ لے گی اور اسمبلی كا ماحول بہتر بنانے کے لیے تجاویز بھی دے گی۔
نوٹی فكیشن میں بتایا گیا ہے كہ پارلیمانی رہنماؤں كی كمیٹی عدالت میں زیر التواء كسی مقدمے سے متعلق شكایت پر كارروائی نہیں كرے گی اور كسی میڈیا رپورٹ كی بنیاد پر كی گئی شكایت پر بھی كارروائی نہیں كرے گی۔
واضح رہے كہ قومی اسمبلی كے اجلاسوں میں حكومت اور حزب اختلاف كی جانب سے ایک دوسرے كے قائدین پر ذاتی حملوں كا نشانہ بنائے جانے كی وجہ سے ایوان كا ماحول بگڑنے پر ’’كنڈكٹ‘‘ كمیٹی كے قیام كا فیصلہ كیا گیا۔