کراچی: سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ پر گالی دینے کے الزام کے بعد ایوان مچھلی بازار بن گیا۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن کی جانب سے وزیرپارلیمانی امورمکیش چاولہ پرگالی دینے کا الزام لگایا گیا جس کے بعد اپوزیشن لیڈر اورسعیدغنی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جب کہ اسمبلی ہنگامہ آرائی کے باعث مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگی۔ مکیش چاولہ نے کہا کہ ریکارڈ نکلوا لیں گالی نہیں دی۔
امتیازشیخ نے کہا کہ وضاحت کرتے ہیں کہ کسی رکن نےگالی نہیں دی۔ فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ کسی کوحق نہیں کہ ایوان میں گالی دے۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ میں نے کارروائی سے غیرپارلیمانی الفاظ حذف کرنے کی رولنگ دی ہے، اس کی تحقیقات کرواتے ہیں۔
اسی دوران سعیدغنی نے چیخ کر اپوزیشن لیڈر کو جواب دیا اور کہا کہ یہ بے شرم ہیں ایوان کا ماحول خراب کرتے ہیں جس کے بعد اپوزیشن لیڈر اورسعید غنی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔