|

وقتِ اشاعت :   February 15 – 2019

کوئٹہ: ڈی ایس ریلوے بلوچستان واصف علی نے کہا ہے کہ کوئٹہ سے چائنیز کوچیں چلائیں گے سی پیک منصوبے کے تحت بلوچستان کے لئے دو روٹس بنیگے بلوچستان کے تمام ریلوے اسٹیشن کو اپ گریڈ کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت کوئٹہ سے چائینز کوچز چلائیں گے جس سے بلوچستان کے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا ۔

سی پیک منصوبے کے تحت بلوچستان کے لئے دو روٹس بنائیں گے جس میں گوادر ،بسیمہ ،نال ، اور قلات ،سوراب،سے سینٹر ایشیاء کو ملایا جائے گاانہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تمام ریلوے اسٹیشن کو اپ گریڈ کریں گے تاکہ جو ریلوے اسٹیشن خستہ حالت میں ہیں ان کودوبارہ مرمت کر کے بہتر سہولیات عوام کو فراہم کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سبی ہرنائی اسٹیشن کا 99% کام مکمل ہو چکا ہے جس پر اب تک ڈھائی ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کو ہرنائی سبی اسٹیشن کے متعلق بریفنگ بھی دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسافروں کو سہولیات دینا ہماری اولین ترجیحات میں ہے زاہدان سے کوئٹہ تک ٹرین شیڈول کے مطابق چل رہی ہے انہوں نے کہا کہ روزنہ کی بنیاد پر کوئٹہ سے تین ٹرینیں چلتی ہیں جس میں تقریباً تیرہ ہزار مسافر سفر کرتے ہیں عوام کو مزید سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامت کر رہے ہیں ۔