اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ امن کے نوبیل انعام کا حقدار نہیں تاہم جو مسئلہ کشمیر کو حل کرے گا وہ نوبیل انعام کا حقدار ہوگا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ امن کے نوبیل انعام کا حقدار نہیں، نوبیل انعام کا حقدار وہ ہوگا جو مسئلہ کشمیر کو عوامی خواہشات کے مطابق حل کرے گا اور خطے کے لیے امن و ترقی کی راہیں ہموار کرے گا۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان کے بھارتی پائلٹ کو واپس بھجوانے کے فیصلے نے لوگوں کو اتنا زیادہ متاثر کیا تھا کہ دنیا بھر سے لوگوں نے انہیں نوبیل انعام دینے کا مطالبہ کیا۔
عمران خان کی جانب سے بھارتی پائلٹ کو جذبہ خیرسگالی کے طور پر واپس بھجوانے کے اعلان کے بعد پاکستان میں ’’عمران خان کیلئے امن کا نوبیل انعام‘‘ کا ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کررہا تھا جب کہ دنیا بھرسے لوگ وزیراعظم کو نوبیل انعام دینے کے لیے آن لائن درخواست بھی کررہے ہیں۔