|

وقتِ اشاعت :   March 5 – 2019

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ نظام کی بہتری کے لئے مروجہ اہم قوانین کا جائزہ لے کے انہیں مزید مؤثر بنانے کے لئے ترامیم کی ضرورت ہے، حکومتی امور کی انجام دہی میں شفافیت لانے، احتسابی عمل کو مضبوط بنانے اور عوام کے سامنے جوابدہ ہونے کے رحجان کی حوصلہ افزائی سے حکومت اور اداروں پر عوام کا اعتماد مستحکم ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے معلومات تک رسائی کے ایکٹ 2005ء میں مجوزہ ترامیم کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات میرظہور بلیدی اور وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹر کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی اور میر رامین محمد حسنی بھی اجلاس میں شریک تھے جبکہ سیکریٹری قانون عبدالرحمان بزدار اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشن نعیم خان بازئی نے بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ معلومات تک رسائی کے ایکٹ 2005 میں مجوزہ ترامیم کے ذریعہ ایکٹ میں پائے جانے والے ابہام کو دور کیا جاسکتا ہے تاہم ترامیم کسی بھی قانون سے متصادم نہیں ہونی چاہئیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مجوزہ ترامیم کے جائزہ کے لئے صوبائی وزیر اطلاعات کی سربراہی میں کابینہ کی سب کمیٹی قائم کی جائے گی جس میں متعلقہ محکموں کے وزراء شامل ہوں گے۔