|

وقتِ اشاعت :   March 14 – 2019

کوئٹہ: محکمہ منصوبہ بندی وترقیات حکومت بلوچستان نے بعض سیاسی لوگوں کی جانب سے ترقیاتی بجٹ کے لیپس ہونے کے بیانات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اس تاثر کو لغو اور بے بنیاد قراردیاہے۔

محکمے کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کے لیپس ہونے کا کوئی خدشہ نہیں، پی ایس ڈی پی کو منطقی انداز میں جانچ کر عوام کی فلاح کے منصوبوں کی افادیت کے مطابق اس امر کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ عوام کے پیسے عوام کی فلاح اور ترقی کے لئے خرچ ہوں اور مفاد عامہ ہی صوبائی حکومت کا اصل مقصد ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک صحت، تعلیم اور آبنوشی کے شعبوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 30ارب روپے جاری کردیئے گئے ہیں جس میں جاری منصوبوں کے لئے 24 ارب روپے بھی شامل ہیں جن میں سڑکیں، اسکول، ہسپتال، پانی، زراعت اور صنعت جیسے شعبے شامل ہیں جبکہ نئے منصوبوں کے لئے چھ ارب روپے کااجراء کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان تسلسل کے ساتھ پی ایس ڈی پی کے جائزہ اجلاس منعقدکررہے ہیں اور تمام محکموں کو بروقت اسکیمات کی تکمیل اور ترقیاتی فنڈز کے صحیح استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔