|

وقتِ اشاعت :   March 27 – 2019

 اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا افغانستان سے متعلق بیان سیاق وسباق سے ہٹ کرپیش کیا گیا۔

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا افغانستان سے متعلق بیان سیاق وسباق سے ہٹ کرپیش کیا گیا، وزیراعظم نے نگران حکومت کے تحت انتخابات کے پاکستان ماڈل کا حوالہ دیا تھا، وزیراعظم کے بیان کو افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ سمجھاجائے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان افغان امن عمل میں سہولت کیلئے ذاتی طورپردلچسپی لے رہے ہیں، پاکستان کا افغانستان میں امن و استحکام کے فروغ کے علاوہ کوئی مفاد نہیں، چار دہائیوں سے تشدد کاشکار افغان عوا م کو پرامن زندگی گذارنے کا حق حاصل ہے جب کہ افغان مفاہمتی عمل کے اہم موڑ پر پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیئے۔