|

وقتِ اشاعت :   March 27 – 2019

 اسلام آباد: ترجمان پاکستان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک میں جھوٹوں کا ٹولہ حکومت کررہا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ وہ اپنی پارٹی اور دوسری سیاسی جماعتوں کے کارکنان کی شکر گزار ہیں جنھوں نے نواز شریف کی صحت کے لئے دعا کی، اس وقت مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح نواز شریف کا علاج ہے، مشاورت کے بعد نواز شریف کا علاج شروع ہوگا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے بارے میں کہا جارہا تھا وہ علاج کے لئے لندن جانا چاہتے ہیں، نواز شریف نے کسی وقت بھِی لندن جانے کا نہیں کہا تھا، عدالت میں وزیراعظم عمران خان اور ان کے ترجمان کا سیاسی بیانیہ جھوٹ ثابت ہوا، عمران خان اور ان کے ترجمان خود لندن جانا چاہتے ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ نیب اور حکومت کے گٹھ جوڑ پر مہر لگ چکی ہے، اپوزیشن کے رہنماؤں کو گرفتار کرلیا جاتا ہے اور حکومتی رہنما گرفتار نہیں ہوتے، علیمہ خان، پرویزخٹک اور کئی دیگر لوگوں کے خلاف نیب کارروائی کیوں نہیں کر رہی، جہانگیر ترین کے مالی اور چوکیدار کے نام جعلی اکاؤنٹ ثابت ہیں، جہانگیر ترین کو کیوں گرفتار نہیں کیا جاتا؟  نیب اپنے دہرے احتساب کا معیار ایک کرے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ فواد چوہدری اپنی نوکری بچانے کی کوشش کررہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف نیب کے ساتھ پلی بارگین کرکے باہر چلے جائیں، شہباز شریف پر ایک بھی الزام ثابت نہیں ہوسکا، گزشتہ روز انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ چیلنج کیا جائے گا۔ ہر کارروائی پر فواد چوہدری اثرانداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں، چیئرمین نیب کو وضاحت کرنا ہوگی کہ کیا فواد چوہدری نیب کے ترجمان ہیں؟، اگر فواد چوہدری نیب کے ترجمان ہیں تو چیئرمین نیب باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کریں اگر فواد چوہدری ترجمان نہیں تو چیئرمین نیب نوٹس لیں۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں جھوٹوں کا ٹولہ حکومت کررہا ہے، پاکستان کے عوام یہ جان چکے ہیں آپ نے پانچ سال کنٹینر پر جھوٹ بولا ہے، موجودہ وزیراعظم کی پالیسیوں سے عوام کا تیل نکل آیا، مہنگائی 3 فیصد سے بڑھ کر8 فیصد تک ہوگئی ہے، انہیں تو 200 ارب ڈالر کی کرپشن کا پیسا واپس لانا تھا، آپ جھوٹے وعدے اور دعوے کرتے رہے، پہلے میٹرو بس کے خلاف بولتے رہے پھر پشاور میں تین گنا مہنگی میٹرو شروع کی،آپ کی سیاست نواز اور شہباز کے نام پر ہے، یہ 8 ماہ اپنی کارکردگی پر توجہ دینے کے بجائے نواز شریف سے دشمنی نبھاتے رہے، عمران خان حکومت صرف نواز شرف اور شہباز شریف کے منصوبوں پر اپنی تختی لگا رہی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ تسلیم شدہ جعلی اکاؤنٹس میں نااہل شخص جہانگیر ترین کابینہ کو بریفنگ دیتے ہیں، علیمہ خان کی بے نامی جائیداد کے مالک عمران خان خود ہیں،علیمہ باجی اور اپنے لوگوں کی کرپشن کا پیسہ واپس لے آئیں وہی کافی ہوتا۔ علیمہ خان اور جہانگیر ترین کی چوری کی جائیداد پکڑ لیں تو 200 ارب ڈالر حاصل ہو سکتے ہیں۔