|

وقتِ اشاعت :   March 28 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کی رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے کہا ہے کہ انتخابات میں بلوچستان کی حقیقی سیاسی قیادت کا راستہ روکنے سے صوبے کی پسماندگی میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ 

ترقی کے عمل میں اپوزیشن اراکین کے حلقوں کو نظر اندازکرکے عوامی مینڈیٹ کی توہین کرنے والوں کا ہر فورم پر محاسبہ کرینگے ۔ اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ قومی حقو ق ساحل وسائل ، قومی شناخت کے تحفظ اور لاپتہ افراد کی بازیابی ، یونیورسٹیوں کا قیام بلوچستان کے ایک کروڑ اکیس لاکھ لوگوں کا مطالبہ ہے اور پارٹی ان مطالبات کو آگے لیکر چلتے ہوئے ریاست اور ریاستی اداروں کو جھنجھوڑرہی ہے ۔ 

انہوں نے کہا کہ جس طرح 2013ء اور 2018 ء کے انتخابات میں بلوچستان کے لوگوں نے ایک منظم سیاسی عمل کا حصہ بن کر پارٹی کو اپنا مینڈیٹ دیا اسی جذبہ سے وہ پارٹی کے چھ نکات پر عملدرآمد کیلئے پارٹی قیادت کے شانہ بشانہ جدوجہد میں شریک ہیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے اراکین صوبائی اور قومی اسمبلی سمیت پارٹی قیادت صوبے کے عوام کے اجتماعی اور قومی مفادات کے حصول کیلئے عملی جدوجہد میں مصروف عمل ہے ۔