کوئٹہ: ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات بلوچستان سجاد احمد بھٹہ نے کہا ہے کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے بلوچستان کے قدرتی و دیگر وسائل کو ترقی دے کر صوبے کو خود انحصاری کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے جس کے لئے جامع پالیسی مرتب کر رہے ہیں ۔
بلوچستان اب مکمل طور پر محفوظ ہے اور بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے صوبے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پائیدارترقی کے اہداف کی پارلیمنٹیرین ٹاسک فورس کے اراکین پر مشتمل وفد کو گزشتہ روز محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کی جانب سے بلوچستان میں دیرپا ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
وفد میں کمیٹی کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی ریاض احمد فتیانہ اراکین قومی اسمبلی روبینہ عرفان ،منورہ منیر ،آغا حسن بلوچ و دیگر شامل تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری سجاد احمد بھٹہ نے کہا کہ صوبائی حکومت دیرپا ترقی کے ضمن میں طے کردہ اہداف کے حصول کے لئے مثبت سمت میں گامزن ہے اور تمام اداروں کی بہتری مفاد عامہ اور اچھی طرز حکمرانی کے نظام کے قیام کے لئے حکومت قابل عمل اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے مثبت نتائج مستقبل قریب میں تمام شعبوں میں ہر سطح پر دیکھے جا سکیں گے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صوبے میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے ایس ڈی جیز (SDG’s)یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں پر پائیدار ترقی سے متعلق صوبائی سطح پر ایک فریم ورک تیار کرکے ایس ڈی جیز کو ترجیحات میں سرفہرست رکھا گیا ہے۔
بلوچستان میں سال 2025 تک ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے ایک جامع ترقیاتی حکمت عملی اپنائی گئی ہے جس کے تحت بلوچستان کی اقتصادی ترقی سمیت مختلف سیکٹرز جس میں پیداوار ،بنیادی ڈھانچہ ،سماجی بہبود ودیگر شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں مواقعوں اور معاشی ترقی سے متعلق درپیش چیلنجز کی نشاندہی بھی کی جا رہی ہے اور اس حوالے سے ایجنڈا 2030 کے لئے منصوبہ بندی پالیسیز ریسورس ایلوکیشن پر بھی کام جاری ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تعلیم ،امن وامان ،صحت ،توانائی، مواصلات سمیت مختلف شعبوں کی ترقی اور بہتری کے لیے بھی موثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ صوبے میں پائیدار ترقی کے مقرر کردہ اہداف کا حصول ممکن ہو سکے۔بعدازاں وفد کے اراکین کی جانب سے وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں صوبائی حکومت کی ایس ڈی جیز کے مقررہ اہداف کے حصول اور اس پر پیشرفت کے حوالے کئے گئے اقدامات کو سراہا گیا۔
بلوچستان بیرونی سرمایہ کاری کیلئے مکمل محفوظ ہے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری
وقتِ اشاعت : March 30 – 2019