|

وقتِ اشاعت :   April 1 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 11اقسام کی معدنیات کے ساڑھے 8ہزار ٹن سے زائد کے ذخائر موجود ہیں محکمہ معدنیات کے ذرائع نے ’’این این آئی‘‘ کو بتایا کہ بلوچستان کے ضلع چاغی اور مستونگ کے مختلف علاقوں میں آئرن کے 273ملین ٹن کے ذخائر موجود ہیں ۔

اسی طرح چاغی میں کاپر کے 7ہزار ملین ٹن ،پشین ،قلعہ سیف اللہ ،ژوب ،لسبیلہ ،خضدار ،مسلم باغ میں کرومائیٹ کے 500ملین ٹن ،چاغی ،خضدار،لسبیلہ میں لیڈ اور زنگ کے 50ملین ٹن ،کوئٹہ ،شاہرگ ،ہرنائی،بولان،دکی ،موسیٰ خیل ،کوہلو میں کوئلہ کے 1ہزار ملین ٹن ذخائر موجود ہیں چاغی ،قلعہ سیف اللہ ،خضدار، لسبیلہ میں میگنیز،واشک اور قلعہ عبداللہ میں اینٹی منی ،لسبیلہ ،خضدار ،قلات،بولان ،لورالائی ،زیارت ،قلعہ سیف اللہ ،سبی ،کوئٹہ اور پشین میں چونا پتھر کے وسیع ذخائر موجود ہیں ۔

اسی طرح ضلع چاغی کے مختلف علاقوں میں اونکس نامی بیش قیمتی پتھر کے ذخائر بھی موجود ہیں اسی طرح کوہ سلطان میں سلفر اور مسلم باغ ،خضدار،لسبیلہ میں میگنی سائٹ کے بھی وسیع ذخائر موجود ہیں ۔

ذرائع نے بتایا کہ بلوچستان میں ایمتھیسٹ نامی بیش قیمتی پتھر بھی موجود ہے جبکہ سیندک میں کاپراور سونا پر کام جاری ہے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اسوقت لیڈ،زنک ،آئرن سمیت دیگر وسائل موجود ہیں اوران پر مائننگ بھی ہورہی ہے یہ مائننگ مختلف کمپنیاں کر رہی ہیں جبکہ آنے والے دنوں میں معدنیات کے شعبے میں مزید سرمایہ کار بھی آنے کی توقع ہے ۔