راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اگر دوائی اور پٹرول مہنگا ہوسکتا ہے تو گوشت مہنگا ہونے سے عذاب نہیں آتا۔
راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہر میں موجود سلاٹر ہاؤس کو جدید انداز پر استوار کیا جائے، اگر دوائی اور پٹرول مہنگا ہوسکتا ہے تو گوشت مہنگا ہونے سے عذاب نہیں آتا، کم شرح پر قرضہ لے کر دوں گا اور سلاٹر ہاؤس کے لیے مزید جگہ بھی دوں گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ 3 اپریل کو وزیراعظم ماں بچہ اسپتال کا افتتاح کریں گے، اگر کچھ لوگ قربانی دے دیں تو نالہ لئی کے ارد گرد ایک نیا شہر آباد ہو گا، ایسی چینی کمپنی کی تلاش ہے جو نالہ لئی ایکسپریس وے کے ساتھ ریل کی پٹری بھی بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں ایک اور یونیورسٹی بنانے کے لیے کل پہلی دفعہ اسد عمر کے پاس گیا، شہر میں بچیوں کی ایک اور یونیورسٹی بنانے جا رہا ہوں، میں اس شہر سے بدمعاش طبقہ کو ختم کر دوں گا، ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روزگار اللہ کی مدد سے دوں گا۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف نے جو لوٹا اس کے 7 ارب روپے روز ادا کر رہے ہیں جب کہ مولانا فضل الرحمان بھی ان کےساتھ ملے ہوئے ہیں، لوگوں کو مہنگی دوائی، بجلی ملی پھر بھی عوام عمران خان کے ساتھ ہیں، میں نے شہبازشریف کو این آر او اور گرین سگنل مانگتے دیکھا، فالودہ والا اور ہتھوڑے والا آصف زرداری اور شہباز شریف کے بندے نکلیں گے۔