کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ بلوچستان اپنے جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے منفرد حیثیت کا حامل صوبہ ہے ۔
افغانستان او ر ایران کے ساتھ طویل سرحدوں کی وجہ سے یہاں امن و امان کی صورتحال پر قابو پانا خاصا مشکل ہے لیکن یہ بات خوش آئند ہے کہ افواج پاکستان اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں اور خدمات کی وجہ سے ملک و صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے ۔
انہوں نے افغان مہاجرین سے متاثرہ علاقوں میں تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی اور جدید مہارتوں کو سیکھانے سے متعلق یو این ایچ سی آر کی کاوشوں کو سراہا ۔ یہ بات انہوں نے پیر کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں یو این ایچ سی آرکی کنٹری نمائندہ (MS.RUVENDRINI MENIKDIWELA) کی قیادت میں ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔
ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال ، پاک افغان بارڈر مینجمنٹ اور افغان مہاجرین کی رجسٹریشن پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ امن پورے خطے کی اشد ضرورت ہے ۔غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی مکمل رجسٹریشن سے نہ صرف امن و امان کی صورتحال پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے بلکہ اس سے مستقبل کی منصو بہ بندی کیلئے بھی مدد ملے گی ۔
یو این ایچ سی آر کی کنٹری نمائندہ نے پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا کہ وہ پچھلے تقریباً چار عشروں سے افغان مہاجرین کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔ یو این ایچ سی آر کی نمائندہ نے حالیہ ہزار گنجی بم دھماکے میں بے گناہ شہریوں کی شہادت پر تعزیت کی اور ان کے سوگوار خاندانوں سے یکجہتی و ہمدردی کا اظہا ربھی کیا۔
علاوہ ازیں گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ کسی بھی شعبہ زندگی میں ہم جدید تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتے ۔ تخلیقی صلاحیتوں میں نکھار پیدار کرنے کیلئے نوجوان میں تنقید ی شعور اجاگر کرنے ، نیا سوال اٹھانے کا جذبہ ابھارنے اور جدیدعلم و تحقیق سے بھرپور استفادہ حاصل کرنا ہوگا۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے سو موار کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ سہیل خٹک کی تخلیقیت اور قیادت کے اوصاف پر پر یزنٹیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
گورنرامان اللہ خان یاسین زئی نے کہا کہ نئی تحقیق و تخلیق کے ثمرات کومعاشرے کے عام لوگوں تک پہنچانا ہی لائق تحسین عمل ہے ۔ انہوں نے صوبے کے تمام محققین اور پی ایچ ڈی اسکالرز پر زور دیا کہ وہ اپنے علم و تجربے کو معاشرے میں معاشی و سماجی تبدیلی کیلئے بروئے کار لائیں ، نوجوانوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کریں تاکہ وہ عملی زندگی میں پل پل بدلتی دنیا کے نئے چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کرنے کی جانب مائل ہوسکیں ۔ اس ضمن میں ضروری ہے کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ تعلیمی سہولتوں کو عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بروئے کار لائیں۔
بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، گورنر
وقتِ اشاعت : April 16 – 2019