|

وقتِ اشاعت :   May 23 – 2019

کوئٹہ :  وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال نے الیکشن ٹریبونل کے حلقہ پی بی 47سے منتخب رکن بلوچستان صوبائی اسمبلی عبدالرشید دشتی کے خلاف انتخابی عذرداری کی درخواست خارج کرنے کو ایک خو ش آئند اقدام قرار دیا ہے، جیت ہمیشہ حق وسچ کی ہوتی ہے، عوامی خدمت گار عوام کے سامنے سرخرو ہوتے رہتے ہیں۔

عبدالرشید دشتی علاقے کے عوام کے لئے ایک مسیحا ہیں، اس وجہ سے بلو چستان عوامی پا رٹی نے عبدالرشید دشتی کو بطورصوبائی اسمبلی امید وارضمنی انتخابات کے لئے ٹکٹ جاری کیاتھا۔ اسی طرح ضمنی انتخابات میں علاقے کے عوام نے بھاری اکثریت سے ووٹ دے کر بلوچستان عوامی پارٹی کے نا مزد امیدوار عبدالرشید دشتی کو کامیاب قرا ر دیا۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر محترمہ زبیدہ جلال نے بتایا کہ 2018 کے انتخابات میں بلوچستان کے مکران ڈویژن سے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدواروں کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر بھرپور کامیابی حاصل ہوئی، تاہم ان امیدواروں کی کامیابی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے روح رواں جام کمال خان عالیانی خود مکران کے ہر علاقے اور تحصیل کی سطح پر جا کر امیدواروں کی کامیابی کے لئے عوامی رابطہ مہم چلائی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ عبدالرشید دشتی عوام کی جانب سے سرخرو ہوئے تھے اور علاقے کے عوام نے اپنے ووٹ سے انہیں کامیاب کیاتھا۔وفاقی وزیر محترمہ زبیدہ جلال نے کہا کہ پی بی 47 سے بلوچستان اسمبلی کے لئے منتخب رکن عبدالرشید دشتی عوامی سطح پر مقبول شخصیت کے مالک ہیں، وہ علاقے کے عوام کو ترجیحی بنیادوں پر اہمیت دیتے ہیں، ان کے مسائل حل کرتے رہتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ حق وسچ کی فتح ہوئی اور عبدالرشید دشتی کی کامیابی کا فیصلہ برقرار رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عبدالرشید دشتی حلقہ پی بی 47کیچ کے ضمنی انتخابات میں مضبوط امیدوار تھے، تاہم بلوچستان عوامی پارٹی نے انہیں ٹکٹ دے کر نامزد کیا جس کی بناء پر وہ کامیاب قرار پائے۔

تاہم قبل ازیں الیکشن کمیشن نے صو با ئی اسمبلی کے حلقہ پی بی47 کی نشست کو بلو چستان عوامی پا رٹی کے سابق امیدوار میر عبدالرؤف رند کی دوہری شہریت کے باعث خالی قرار دیا تھا، جس پر بلو چستان عوامی پا رٹی نے عبدالرشید دشتی کو بطور امید وارضمنی الیکشن کے لئے ٹکٹ جاری کیا تھا، اسی طرح ضمنی انتخابات میں بلوچستان عوامی پارٹی کے نا مزد امیدوار عبدالرشید دشتی کامیاب قرار پائے تھے۔