|

وقتِ اشاعت :   December 10 – 2019

کوئٹہ : سیکرٹری ثانوی تعلیم بلوچستان نے بے ضابطگیوں اور خلاف ضابطہ امور میں ملوث ہونے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈیرہ بگٹی کو معطل کردیا معطل افسر پر کلسٹرز ریپئیر بجٹ، 32 بوگس ٹیچرز انکوائری میں غفلت، بوگس ٹیچرز کے پینشن کیسسز کے اجراء، مالیاتی بدعنوانی، اور محکمہ کے سئنیر افسران کو دھمکانے کے الزامات کی چارج شیٹ عائد کردی گئی ہے۔

سوموار کو محمکہ ثانوی تعلیم بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق معطل ضلعی افسر تعلیم ڈیرہ بگٹی کے خلاف انکوائری کے لیے چئیرمین بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ یحی مینگل کو انکوائری افسر مقرر کر دیا گیا ہے جو تیس روزمیں حقائق کی جانچ پڑتال مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کے پابند ہونگے سیکٹری ثانوی تعلیم بلوچستان محمد طیب لہڑی نے” اے پی پی ” کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈیرہ بگٹی ممتاز علی کو سنگین الزامات پر بیڈا ایکٹ کے تحت معطل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے ضابطگی، بد عنوانی اور مالیاتی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائی جاری ہے بارہا تنبیہ کے باوجود شکایات کا ازالہ نہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف انضباطی کارروائی لازم ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی ترقی و بہتری کے متعین اہداف کے حصول کے لیے دہائیوں سے مسلط مافیاء کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا یے اور اب ان سے کوئی رعائیت روا نہیں رکھی جائے گی وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کے تعلیمی ترقی کے ویڑن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے محمکہ ثانوی تعلیم کو درست سمت کی جانب گامزن کردیاہے صوبے میں گھوسٹ اسکولوں اور ملازمین کے خلاف کارروائی جاری ہے۔