|

وقتِ اشاعت :   January 4 – 2020

بغداد: عراقی میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے ایران کے اعلیٰ ترین فوجی جنرل قاسم سلیمانی کے جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت بغداد میں جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ ہوئی۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ جنازے کو ایک گاڑی میں رکھ کر بغداد کی گلیوں سے لے جایا گیا اور لوگ روتے ہوئے جنازے کے ساتھ چلتے رہے۔

سوگ واروں نے امریکا مردہ باد اور ہم سب ’مہندس‘ اور سلیمانی ہیں‘ کے نعرے لگائے۔ جنازے میں عراق کے وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے بھی شرکت کی۔ جنرل قاسم کی میت کو ایران لے جایا جائے گا اور وہاں آبائی قصبے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

بغداد میں سوگ کے ساتھ ساتھ خوف کی بھی فضا ہے۔ بعض لوگوں نے جنرل قاسم سلمانی کی ہلاکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بغداد کی سڑکوں پر جشن بھی منایا کیونکہ انہوں نے گزشتہ ماہ جمہوریت کے حق میں پرامن مظاہروں کے خلاف خونریز آپریشن کی منصوبہ بندی کی تھی۔ تاہم مجموعی طور پر فضا میں خوف کا غلبہ ہے اور لوگ آئندہ کے حالات کے حوالے سے پریشانی کا شکار ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بغداد ایئرپورٹ پر امریکا کے فضائی حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی اور ایرانی حمایت یافتہ عراقی مسلح تنظیم پاپولرموبلائزیشن فورس (پی ایم ایف) کے ڈپٹی کمانڈرابومہدی المہندس سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔