|

وقتِ اشاعت :   January 17 – 2020

دمشق: شام کے شمالی علاقے میں سیکیورٹی چیکنگ پر مامور ترک فوجیوں کی گاڑی سے بارودی مواد سے بھری کار کو ٹکرادیا گیا جس کے نتیجے میں 3 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی شام کے ایک علاقے میں کار بم دھماکے میں ترک فوج کے تین اہلکار ہلاک ہوگئے۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب ترک فوج ایک شاہراہ پر سیکیورٹی چیکنگ پر مامور تھی۔ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔

ترک فوجیوں کو کار بم دھماکے میں نشانہ شام کے اس علاقے میں بنایا گیا ہے جہاں ترک فوج اور شام مخالف جنگجوؤں کا تسلط ہے۔ ترک فوج کے دستوں نے اپنی حمایت یافتہ کرد جنگجوؤں سے لڑنے والے باغیوں کی مدد سے قبضہ حاصل کیا ہے تاہم اس علاقے میں ترک فوج کو تاحال مزاحمت کا سامنا بھی ہے۔

قبل ازیں راس العین کے علاقے میں کرد باغیوں نے ترک فوجیوں پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں 5 ترک فوجی زخمی ہوگئے تھے جب کہ ترک فوجیوں نے اپنے اتحادی جنگجوؤں کی مدد سے شامی فوج اور کرد باغیوں پر جوابی حملے بھی کیے تھے۔

واضح رہے کہ شمالی شام میں ترک فوجی کے دستے کرد جنگجوؤں کیخلاف کارروائی کے لیے اکتوبر میں داخل ہوئی تھی جہاں سخت اسے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا، بعد ازاں امریکی مداخلت پر کرد باغیوں سے طے پانے والے معاہدے کے تحت ترک فوج نے مزید پیش قدمی روک دی تھی۔