کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر عبدالقادر بلوچ، جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لئے ملک میں مہنگائی کا طوفان بر پا کر دیا۔
گیس، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آٹے اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ تشویشناک ہے جس کی ہم مذمت کر تے ہیں مسلم لیگ(ن) نے ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا تاہم موجودہ حکمرانوں نے نا اہلی کی انتہا کر کے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی۔
اپنے جاری کر دہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ملک کی ترقی وخوشحالی چا ہتے ہیں موجودہ حکمرانوں نے ملک کو بحران کی طرف دھکیل دیا جس کی وجہ سے صورتحال گھمبیر ہو تی جا رہی ہے نا اہل اور سلیکٹڈ حکومت نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا جس کی وجہ سے آج مہنگائی انتہا کو پہنچ گئی اور مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام دو وقت کی روٹی کے لئے ترس رہے ہیں نا اہل حکمرانوں نے گیس، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کر کے اپنے پسندیدہ وزراء کو فائدہ پہنچانے کے لئے یہ اقدام اٹھایا جس کی وجہ سے آج عوام دو وقت روٹی کے لئے ترس رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان مسلم لیگ(ن) کے کا بینہ کا اجلاس25 جنوری کو طلب کر لیا گیا جس میں تمام سیاسی اور موجودہ صورتحال پر بحث کیا جائے گا انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا تنخواہ سے ان کا گھر خرچہ نہ چلانا عوام کو بے وقوف بنانے کے مترادف ہے عوام اب ان کے باتوں میں آئیں گے اور نہ ہی عوام ان کے باتوں کو سمجھنے کی کوشش کریں گے کیونکہ عوام کو پتہ چل گیا ہے یہ جھوٹ کا ماہر ہے اور ہمیشہ یوٹرن لے کر ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ملک کی ترقی وخوشحالی نہیں چا ہتے ہیں اور اب مہنگائی کے ذریعے ملک کو بحرانوں کی طرف دھکیلنا چا ہتے ہیں پاکستان مسلم لیگ(ن) مہنگائی پر خاموش نہیں رہے گی۔