|

وقتِ اشاعت :   February 4 – 2020

بیجنگ: چین نے کورونا وائرس کی وبا کے باعث پیدا ہونے والی پیچیدہ صورت حال کے دوران ہر ممکن مدد اور تعاون کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل حالات میں پاکستان نے دوستی کا حق ادا کر دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چونینگ نے ’وی چیٹ‘ پر میڈیا سے آن لائن گفتگو کرتے ہوئے کورونا وائرس کے دوران مثالی کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا دل کی گہرائیوں سے پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

وزارت خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ اس کڑے وقت میں پاکستان نے چین پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے  ہوئے نہ صرف پروازوں کو جاری رکھا بلکہ دنیا بھر میں طبی ساز و سامان کی ترسیل میں چین کی بھرپور مدد کی، چین پر اعتماد اور بھرپور مدد کرنے پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔

ہوا چیونینگ نے خصوصی طور پر وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین بھی پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط اور مستحکم کرے گا، چین میں موجود پاکستانیوں کے تحفظ کو ممکن بناتے ہوئے اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ چین میں کورونا وائرس کی وبا میں اب تک 421 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں سے فلپائن اور ہانگ کانگ میں ہونے والی ایک ایک ہلاکتوں کے علاوہ باقی ساری ہلاکتیں چین میں ہی ہوئی ہیں۔ پراسرار وائرس امریکا، کوریا، بھارت، یورپ اور آسٹریلیا تک جا پہنچا ہے تاہم ان ممالک میں متاثرہ مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔