|

وقتِ اشاعت :   March 12 – 2020

دنیا بھر میں بڑھنے والے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر سعودی عرب نے شہریوں اور رہائشیوں کے سفر کو عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے پاکستان سمیت مختلف ممالک کے ساتھ پروازوں کو بھی روک دیا ہے۔

سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے نے وزارت داخلہ کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب نے کورونا وائرس کے خطرے کے باعث مختلف ریاستوں کے ساتھ پروازوں کو معطل کیا۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ ریاست نے عارضی طور پر اپنے شہریوں اور رہائیشوں کے سفر کو بھی معطل کردیا ہے۔

دوسری جانب برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز نے رپورٹ کیا کہ ذرائع نے مزید بتایا کہ یورپی یونین، سوئٹزرلینڈ، بھارت، پاکستان، سری لنکا، فلپائنز، سوڈان، ایتھوپیا، جنوبی سوڈان، اریٹریا، کینیا، ڈجیبوتی اور سومالیہ کے ساتھ پروازوں کو معطل کیا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سعودی عرب نے ان ممالک سے آنے والوں کے لیے داخلہ بھی معطل کردیا ہے۔

یہی نہیں بلکہ سعودی عرب کی جانب سے اردن کے ساتھ تمام زمینی گزرگاہوں کے ذریعے آنے والے مسافروں کا داخلہ بھی معطل کیا ہے تاہم کمرشل اور کارگو ٹریفک کو اجازت ہوگی جبکہ غیرمعمولی انسانی معاملے میں بھی گزرنے کا اختیار ہوگا۔

اس فیصلے میں ریاست میں فلپائنز اور بھارت سے موجود صحت کے رضاکاروں کو شامل نہیں کیا گیا جبکہ انخلا، ترسیل اور تجارتی دوروں کے درمیان احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا۔

خیال رہے کہ سعودی وزارت صحت کے مطابق ریاست میں جمعرات کو 24 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ مجموعی کیسز کی تعداد 45 تک جاپہنچی ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پہلے کیس کے سامنے آنے کے ساتھ ہی حفاظتی اقدامات میں تیزی کردی تھی۔

ابتدائی طور پر سعودی حکومت نے مکہ اور مدینہ میں غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کی تھی تاہم 4 مارچ کو سعودی عرب نے کورونا وائرس پھیلنے کے خدشات کے باعث عمرے کی ادائیگی کو بھی عارضی طور پر معطل کردیا تھا۔

بعد ازاں اس پابندی کو مقامی سطح تک پھیلاتے ہوئے عمرے پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

5 مارچ کو مطاف کو بھی تفصیلی صفائی اور جراثیم کش اقدامات کے سلسلے میں خالی کروالیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ احتیاطی تدابیر اور ڈس انفیکشن کے لیے عارضی طور پر مکمہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کو بھی بند کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں اسے کھول دیا گیا تھا۔

7 مارچ کو مسجد الـحرام میں مطاف کو تفصیلی صفائی کے لیے بند کرنے کے بعد عمرہ ادا نہ کرنے والے افراد کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔

9 مارچ کو سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی کے پیش نظر مشرقی علاقے قطیف کو بند کردیا تھا حفاظتی اقدامات کے تحت 9 ممالک کے لیے فضائی اور بحری سفر معطل جبکہ اسکول اور یونیورسٹیاں بند کردیں تھیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز سعودی عرب نے تمام سنیما کو اگلے احکامات سامنے آنے تک عارضی طور پر بند کردیا تھا۔