|

وقتِ اشاعت :   April 2 – 2020

پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے آج مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 31 ہوگئی جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2291 تک جا پہنچی ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں 11، سندھ 9، خیبرپختونخوا 8، گلگت بلتستان 2 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

پاکستان میں آج کے کیسز کی صورتحال

پاکستان میں آج جمعرات کورونا وائرس کے اب تک 69 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 3 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن  میں سے خیبرپختونخوا میں 2 اور پنجاب میں ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ آج اب تک سندھ میں 34 اور خیبرپختونخوا 23 کیسز سمیت 2 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جن کی تصدیق صوبائی حکومتوں کی جانب سے کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ گلگت میں 3، بلوچستان 5 اور اسلام آباد میں مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

سندھ

محکمہ صحت کی سمری کےمطابق سندھ میں آج اب تک کورونا وائرس کے 34 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 743 ہوگئی ہے۔

سمری کے مطابق کراچی میں 17، حیدرآباد 9، شہید بے نظیر آباد 6 اور جامشورو میں 2 کیس رپورٹ ہوئے جب کہ تمام کیس لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں۔

محکمہ صحت کی سمری

کراچی میں بدھ کے روز ایک ہلاکت کےبعد سندھ میں ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے جب کہ تمام ہلاکتیں کراچی شہر سے ہی رپورٹ ہوئی ہیں۔

بدھ کے روز انتقال کرنے والے 59 سالہ مریض کا تعلق کراچی سے تھا جسے 19 مارچ کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جاں بحق ہونے والا مریض حال ہی میں سعودی عرب سے واپس آیا تھا جسے دمہ اور سانس لینے میں تکلیف کا بھی سامنا تھا۔

محکمہ صحت کے مطابق سندھ بھر میں اب تک 54 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں آج اب تک کورونا کے 23 کیسز اور مزید 2 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 276 ہوگئی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے 2 مریضوں میں سے ایک کا تعلق بنوں اور ایک کا نوشہرہ سے ہے۔

صوبائی وزیر صحت تیمور  جھگڑا کی جانب سے ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔

صوبائی وزیر صحت کی جانب سے جاری سمری کے مطابق صوبے میں اب تک وائرس سے  29 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں آج جمعرات کورونا وائرس سے مزید ایک ہلاکت سامنے آئی ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہے تاہم صوبائی حکومت نے اب تک ہلاکت کی تصدیق نہیں ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 11 ہوگئی ہے۔

پنجاب میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے مزید 137 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 845 ہوگئی جبکہ ایک شخص جاں بحق بھی ہوا۔

بدھ کے روز راولپنڈی میں 83 سالہ شخص کورونا وائرس سے جاں بحق ہوا ، کورونا وائرس سے پنجاب میں 10 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 5 مریض صحت یاب ہو چکےہیں۔

پنجاب میں اب تک کورونا سے 11 ہلاکتوں میں سے لاہور میں 4، راولپنڈی 4 جب کہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

البتہ سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہونے والی ہلاکت میں شہر کی نشاندہی نہیں کی گئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں آج کورونا وائرس کے مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں جو کمانڈ کنٹرول سینٹر سے رپورٹ ہوئے تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے کیسز کی تصدیق نہیں کی گئی۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق صوبے میں 17 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ بلوچستان میں اب تک ایک شخص کورونا سے ہلاک ہوا ہے۔

اسلام آباد

آج جمعرات کو اسلام آباد میں مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 62 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بروز بدھ کورونا وائرس کے مزید 6 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 184 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب مشیر اطلاعات گلگت بلتستان نے بتایا کہ علاقے میں 36 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 183 ہے۔

مشیر اطلاعات نے بتایا کہ نگر میں 16،کھرمنگ 10،اسکردو 6 اور شگر میں 4 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

اس طرح مشیر اطلاعات اور سرکاری پورٹل کے کیسز میں ایک نمبر کا فرق ہے۔

مشیر اطلاعات نے بتایا کہ گلگت میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں میں 84 خواتین شامل ہیں جب کہ 67 کیسز کے ساتھ ضلع نگر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے ایک وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ہیں جب کہ ایک کا تعلق محکمہ صحت سے تھا۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی۔

آزاد کشمیر کے وزیر صحت نے کیسز کی تصدیق کی جب کہ ڈپٹی کمشنر سردار خالد محمود نے بتایا کہ کورونا کے 2 مریضوں کا تعلق بھمبر سے ہے جن میں سے ایک 12 سال کی بچی اور ایک برطانیہ سے آنے والا شہری وائرس میں مبتلا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق تراڑ کھل سندھوتی میں بھی ایک شخص میں کوروناکا ٹیسٹ مثبت آیاہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔