|

وقتِ اشاعت :   May 4 – 2020

خبر رساں ادارے اے پی کی ایک خبر میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کے ادارے ہوم لینڈ سکیورٹی کی لیک ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی حکام سجھتے ہیں کہ چین نے عالمی وبا کے دوران ’جان بوجھ کر صورتحال کی شدت پوشیدہ رکھی۔‘

گذشتہ دنوں کے دوران ٹرمپ انتظامیہ نے چین پر کڑی تنقید کی ہے۔ صدر ٹرمپ اور وزیر خارجہ مائیک پومپیو دونوں نے بیجنگ پر الزام عائد کرتے ہوئے چین سے معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور درآمدات پر ٹیکس بڑھانے کی دھمکی بھی دی ہے۔

چین اور امریکہ کے تعلقات میں تناؤ کے خدشے سے ایشیائی مارکیٹوں میں مندی بھی دیکھی گئی ہے۔

امریکی رپورٹ کے مطابق چین نے وبا کے پھیلاؤ پر پردہ ڈالتے ہوئے اپنی درآمدات بڑھا دی تھیں اور طبی سامان کی برآمدات کم کر دی تھیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین نے جنوری میں عالمی ادارہ صحت کو صحیح طرح حالات سے آگاہ نہیں کیا تاکہ یہ دوسرے ممالک سے طبی سامان منگوا سکے۔

تاہم چین پہلے ہی ایسے الزامات کی سختی سے تردید کر چکا ہے۔