|

وقتِ اشاعت :   June 9 – 2020

اسلام آباد: ملک میں کورونا کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور ایک ہی دن میں اس وائرس نے ریکارڈ 105 افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کردیئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ روز 24 ہزار 620 ٹیسٹ کیے گئے، اس طرح ملک میں کورونا کے مجموعی طور پر 7 لاکھ 30 ہزار 453 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 4 ہزار 646 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 8  ہزار 317 ہو گئی ہے جب کہ 35 ہزار 18 مریض صحت یاب ہو گئے ہیں۔

ملک میں سب سے زیادہ کورونا کیسز پنجاب میں ہیں، جہاں اب تک 40 ہزار 819 افراد میں کوویڈ 19 کی تصدیق ہوچکی ہے۔ اس کے علاوہ سندھ میں 39 ہزار555، خیبرپختونخوا میں 14 ہزار 6، بلوچستان میں 6 ہزار 788، گلگت بلتستان میں 952 ، آزاد کشمیر میں 412 اور اسلام آباد میں 5 ہزار 785 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔

 

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان بھر میں کورونا سے 105 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جو کہ اب تک ایک روز میں ملک میں اس وائرس سے ہونے والا سب سے بڑا جانی نقصان ہے۔ اس طرح ملک میں اس وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہزار 172ہوگئی۔

ریکارڈ مریضوں کے ساتھ جانی نقصان میں بھی پنجاب کا پہلا نمبر ہے جہاں اب تک 773 افراد اس وائرس کی زد میں آکر جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ سندھ میں 679، خیبرپختونخوا میں 587 ، بلوچستان میں 58 اسلام آباد میں 52، گلگت بلتستان میں 14 اور آزاد کشمیر میں 9 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں 322 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔