کوئٹہ: بلوچستان حکومت کیخلاف عدم کی تحریک زور پکڑ گئی، بیک ڈور رابطوں میں تیزی، حکومتی واتحادی جماعتوں کے ارکان کی نواب اسلم رئیسانی کے ساتھ بات چیت، سراوان ہاؤس میں اہم بیٹھک جلد لگنے کاامکان،نواب اسلم رئیسانی کو ساتھ چلنے پر یقین دہانی کرائی۔ حکومتی ناراض ارکان اور اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے وزیراعلیٰ بلوچستان کے نا م پر اتفاق کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بعض حکومتی ارکان نواب اسلم رئیسانی کو وزیراعلیٰ بلوچستان کیلئے موضوع امیدوارقرار دے رہے ہیں جبکہ نواب اسلم رئیسانی نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی نامزدگی کیلئے تمام ساتھیوں کی مشاورت سے حتمی فیصلہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔گزشتہ چند روز سے سراوان ہاؤس میں اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اپوزیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت گرانے کیلئے مطلوبہ تعداد موجود ہے۔
مگر آئندہ چند دنوں میں اہم فیصلہ کیاجائے گا اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کافیصلہ اٹل ہے۔اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت ناکام ہوچکی ہے صوبے کے حالات گھمبیر ہورہے ہیں مگر حکومت کسی بھی مسئلہ کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی ہے موجودہ حکومت کے اندر حکمرانی اور بہترین فیصلوں کی صلاحیت موجود نہیں اس لئے اب اس حکومت کے پاس اخلاقی طور پرحکمرانی کرنے کا جواز موجود نہیں۔