انگلینڈ کے فٹ بال ورلڈ کپ سال 1966 میں شاندار کھیل پیش کرنے والے لیجنڈ کھلاڑی جیک چارلٹن انتقال کرگئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 1966 کے فاتح انگلینڈ کے ہیرو جیک چارلٹن 85 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں۔ اہل خانہ کی جانب سے جیک چارلٹن کے انتقال کی تصدیق کردی گئی ہے۔ چارٹن نے ہوم گراؤنڈ پر ویسٹ جرمنی کو فائنل میں شکست دے کر پہلی مرتبہ انگلینڈ کو ورلڈ کپ دلایا، جو تا حال واحد ورلڈ کپ ہے جسے انگلینڈ نے اپنے نام کیا۔
صرف یہ ہی نہیں بلکہ انہوں نے آئرلینڈ کو بطور منیجر یورپین چیمپین شپ کے فائنل تک اور ورلڈ کپ 1990 کے کوارٹرفائنل میں بھی رسائی دلائی۔ عظیم فٹبالر جیک چارلٹن ورلڈکپ 1966 کے تمام 6 میچز کا حصہ رہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں انگلینڈ کی جانب سے 35 میچز کھیلے اور چھ گول اسکور کیے۔
انہوں نے کیریئر کا اختتام آل ٹائم بہترین ڈیفینڈر کی حیثیت سے کیا۔ جیک چارلٹن نے انگلش فٹ بال کلب لیڈز کی جانب سے 773 میچز میں نمائندگی کرکے ریکارڈ قائم کیا اور لیڈز کی جانب سے 96 گولز کیے۔
جیک چارلٹن نے لیڈز کو 1969 کا لیگ ٹائٹل اور 1972 کا ایف اے کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا، چارلٹن کو فٹبال رائٹرز ایسوسی ایشن نے 1967 میں فٹبالر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی دیا تھا۔