پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے موجودہ ٹیسٹ کپتان اظہر علی کو ہمت نہ ہارنے اور حوصلہ رکھنے کا پیغام دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سرفراز احمد نے اظہر علی کے ہمراہ خوشگوار موڈ میں لی گئی ایک تصویر شیئر کی۔
سرفراز نے اظہر علی کو حوصلہ دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’بھیا، حوصلہ نہ ہارو، مضبوط رہو۔‘
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’انشاءاللہ پاکستان سیریز میں جلد کم بیک کر لے گا۔‘
سابق کپتان نے اظہر علی کو ٹیگ کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں ’پاکستان زندہ آباد‘ بھی لکھا۔
واضح رہے کہ جوز بٹلر اور کرس ووکس کی شاندار پارٹنرشپ کی بدولت انگلینڈ نے مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔
دوسری جانب مانچسٹر ٹیسٹ میں انگلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کی تین وکٹوں کی شکست کے بعد پاکستانی ٹیم انتظامیہ کو شدید تنقید کا سامنا ہے ایسے میں کپتان اظہر علی نے ہار کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ کپتانی دیکھنے میں آسان لگتی ہے ہمیشہ کپتانی پر الزام نہیں دینا چاہیے، میں ذمہ داری لینے کو تیار ہوں، میرا فوکس اس سیریز پر ہے۔