|

وقتِ اشاعت :   September 13 – 2020

 
کوئٹہ :  وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ہم بلوچستان کے ہر علاقے بالخصوص صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق منعقدہ ایک بریفنگ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال، ڈپٹی سپیکر قو می اسمبلی قاسم سوری، چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر صوبائی سیکرٹریز و دیگر کام بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات عبدالرحمن بزدار نے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے اس موقع پر بتایا کہ وفاقی بجٹ میں صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلیے 70 سے 80 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے جا تے ہیں

تاہم ان فنڈز میں سے صرف نصف حصہ بلوچستان حکومت کو فراہم کیا جاتا ہے جس سے صوبے میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبے متاثر ہوتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے فنڈز سے متعلق ایک موثر میکنزم تیار کیا ہے

وفاق کی جانب سے اب جتنے فنڈز ترقیاتی منصوبوں کیلیے مختص کیے جائینگے اتنے ہی استعمال میں لائے جائینگے۔ انہوں نے کچھی کینال کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کی تکمیل کیلیے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کینال کو مکمل کرنے کیلیے صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔

انہوں نے کہ وفاقی حکومت نے صوبائی دارالحکومت میں ایک بڑا تفریحی پبلک پارک بنائے کا منصوبہ بنایا ہے۔ جس کیلئے زمین صوبائی حکومت فراہم کریگی جبکہ فنڈز وفاقی حکومت فراہم کرے گی۔