اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جتنا ٹیلنٹ پاکستان میں ہے دنیا میں کہیں نہیں اور میرا خواب ہے آئندہ ورلڈ کپ میں پاکستان کا ٹیلنٹ نظر آئے۔
وزیر اعظم عمران خان نے ڈومیسٹک کرکٹ کے نشریاتی حقوق سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں جتنا ٹیلنٹ ہے دنیا میں کہیں نہیں ہے اور اگر ہم نے کرکٹ کا ڈھانچہ تبدیل کیا تو کوئی ہمیں شکست نہیں دے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے نشریاتی حقوق کے معاہدے پر دستخط اہم پیش رفت ہے اور نشریاتی حقوق کے معاہدے سے کرکٹ کو فروغ ملے گا۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ نے کرکٹ نشریاتی حقوق کے معاہدے کے لیے کام کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں کرکٹ میں من پسند افراد کو جگہ دی گئی اور اداروں میں سفارش پر لوگوں کو بھرتی کرنا نظام کو کمزور کردیتا ہے تاہم کھلاڑیوں کو بہتر بنانے کے لیے مضبوط نظام کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹیلنٹ کو نکھارنےکرنے کی ضرورت ہے، آسٹریلیا کی ٹیم میں میرٹ ہے اس لیے وہ دنیا پر راج کر رہے ہیں لیکن پاکستان میں سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے ٹیلنٹ اوپر نہیں آرہا تھا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ایک وقت تھا جب سرکاری ٹی وی سب دیکھتے تھے اب ہمیں بہتر معیار پر آنا ہو گا۔