|

وقتِ اشاعت :   October 6 – 2020

افغانستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین نجیب تراکئی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

گزشتہ روز مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر افغان کرکٹ بورڈ کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ پر 29 سالہ افغان کرکٹر نجیب تراکئی کی ایک تصویر شیئر کی گئی تھی، جس کے ساتھ ہی شائقین کرکٹ کو اُن کے انتقال کی افسوسناک خبر دی گئی۔

افغان کرکٹ بورڈ نے افغانستان کے 29 سالہ اوپننگ بیٹسمین نجیب تراکئی کے انتقال پر شدید رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں بڑے دُکھ کے ساتھ یہ بتانا پڑ رہا ہے کہ کرکٹر نجیب تراکئی ٹریفک حادثے میں اپنی جان کی بازی ہار گئے ہیں۔‘

اُنہوں نے کرکٹر نجیب تراکئی کی مغفرت کے لیے دُعا کرتے ہوئے کہا کہ ’اُن کے اچانک انتقال نے افغانستان کو افسردہ کردیا ہے، ہماری دُعا ہے کہ اللّہ تعالیٰ اُن کے درجات بُلند فرمائے، آمین۔‘

خیال رہے کہ 29 سالہ افغان کرکٹر نجیب تراکئی تین روز قبل خوفناک ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد وہ 22 گھنٹے تک ہوش میں نہ آنے کی وجہ سے کوما میں چلے گئے تھے اور طبیعت نہ سنبھلنے پر گزشتہ روز اس دُنیا سے رخصت ہوگئے۔

افغاستان کرکٹ ٹیم کے اووپننگ بیٹسمین نجیب ترکئی نے ایک ون ڈے اور 12 ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میں افغان ٹیم کی نمائندگی کی ہے جبکہ اُنہوں نے ٹی ٹوئٹی فارمیٹ میں 21 کی اوسط سے 258 رنز اسکور کیے ہوئے ہیں۔