|

وقتِ اشاعت :   October 7 – 2020

کوئٹہ: نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ ڈاکٹرعبدالحئی بلوچ نے کہاہے کہ بلوچستان اور سندھ کے جزائر کو صدارتی آرڈیننس کے ذریعے وفاق کی تحویل میں دینے کا فیصلہ غیرآئینی ہے اور سندھ و بلوچستان کی عوام کی ملکیت پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف اورعوام میں اشتعال انگیزی پیدا کرنے کی سازش ہے، گوادر بلوچستان کا ساحل اور دل ہے اس پر قبضہ کی ہرسازش ناکام بنائیں گے،سندھ کی عوام اپنے ساحلی پٹی پر کسی کی من مانی کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ وفاق کی جانب سے ایک صدارتی آرڈیننس کے ذریعے بلوچستان اور سندھ کے جزائر کواپنے تحویل میں لینے کا فیصلہ سراسر غیرآئینی ہے بلکہ سندھ اور بلوچستان کے جزائر آئین کے تحت اس کے اختیارات صوبائی حکومتوں کا پاس ہے،یہ غیرآئینی اقدام کے ساتھ سندھ و بلوچستان کی عوام کی ملکیت پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے

اور یہاں کی محنت کش عوام میں اشتعال انگیزی پیدا کرنے کی سازش ہے،انہوں نے کہاکہ قومی وحدتیں پہلے سے ہی وفاق کی قبضہ گیری ومظالم سے نالاں ہے بلکہ اس طرح کے اقدامات سے مزید نفرتیں پھیلیں گی،پی ڈی ایم کی جانب سے حقیقی جمہوریت کیلئے شروع تحریک میں سندھ اور بلوچستان کی عوام جزائر کی اپنی حق ملکیت سے متعلق آواز اٹھائیں گے۔

بلکہ اس ظالمانہ اقدام کے خلاف حقیقی جمہوریت کے ساتھ ساتھ قوم پرست وعوام دوستیں قوتیں اور جماعتیں اس آرڈیننس کے خلاف جدوجہد کرینگے،انہوں نے کہاکہ ہم کسی بھی صورت اپنے جزائر کی ملکیت سے دستبردار نہیں ہونگے،سندھ اور بلوچستان کے عوامی نمائندوں کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے کو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اٹھائیں بلکہ بلوچستان اور سندھ کی موجودہ حکومتوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ 18ویں ترمیم کے تحت حاصل اختیارات کے تحت معاملے کو سی سی آئی میں اٹھائیں اور وفاقی حکومت سے احتجاج کریں کہ یہ فیصلہ ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہاکہ جب سے ون یونٹ کا خاتمہ ہواہے ون ووٹ ون مین کانظام شروع ہواہے غیر جمہوری وغیر سیاسی قوتیں اس وقت سے سازشوں میں مصروف ہے کیونکہ انہوں نے اس نظام کو قبول نہیں کیا جس کی وجہ سے حقیقی جمہوری ادارے کمزور ہے،وفاقی اکائیوں کو ختم کرکے ڈویژنل نظام کی بحالی سمیت دیگر سازشوں کے شوشے پہلے بھی چھوڑے گئے،خیبرپشتونخوا،سندھ اور بلوچستان کی عوام نے ہمیشہ فیڈریشن کے خلاف سازشوں کرنے والوں کے خلاف مزاحمت کاراستہ اختیار کیا۔انہوں نے کہاکہ گوادر بلوچستان کا ساحل اور دل ہے اس پر قبضہ کی ہرسازش ناکام بنائیں گے،سندھ کی عوام اپنے ساحلی پٹی پر کسی کی من مانی کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔