|

وقتِ اشاعت :   October 7 – 2020

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ملک میں جمہوری سیاسی نظام کے قیام، آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی توقیر کا سبب ہوگی، حکومتی نااہلی کی وجہ سے آج ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے، جھوٹے مقدمات اور جرائم پیشہ عناصر کو ہمارے خلاف استعمال کرنے کی سازشیں ناکام ہونگی۔

یہ بات انہوں نے منگل کو پی ڈی ایم کے جلسے کی انتظامی کمیٹی،اور مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ،ایم ایس ایف کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم سے حکومت اس قدر خوفزدہ ہے کہ وہ اب جرائم پیشہ افراد کو استعمال کرکے ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات بنا رہی ہے جس حکومت کی اپنی رٹ اس قدر ختم ہوچکی ہو کہ ملک میں مہنگائی،بے روزگاری، مافیازکا راج ہو وہ سامنے آکر مقدمات درج کرنے سے بھی گریزاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم دراصل ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام،آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی کا اتحاد ہے جس سے نااہل اور ناکام حکومت خوفزدہ ہے انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل ہر ایک وزیر، مشیرکا اپنا بیانیہ ہے حکومت خود تضاد کا شکار ہے جبکہ پی ڈی ایم تحریک کے نتیجے میں حکومت کا خاتمہ یقینی ہے، جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ ملک بچانے کے لئے جمہوری سیاسی جماعتوں کا اتحاد خوش آئند ہے اس اتحاد سے ملک میں مثبت تبدیلی آئیگی۔