|

وقتِ اشاعت :   October 12 – 2020

 دبئی: ویسٹ انڈین بیٹسمین کرس گیل معدے میں انفیکشن کی وجہ سے متحدہ عرب امارات کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

وہاں پر بھی وہ اپنی دلچسپ حرکتوں سے باز نہیں آئے۔ گیل نے اپنی آئی پی ایل ٹیم کنگز الیون پنجاب کی جانب سے رواں سیزن میں ابھی تک ایک بھی میچ نہیں کھیلا، گذشتہ ہفتے کوچ انیل کمبلے نے کہا تھا کہ گیل معدے میں انفیکشن کی وجہ سے زیرعلاج ہیں۔

اب جارح مزاج بیٹسمین نے اپنی ایک تصویر انسٹاگرام پر جاری کی جس کے ساتھ انھوں نے لکھا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ کبھی لڑے بغیر ہمت نہیں ہاروں گا، میں ’یونیورس باس‘ ہوں اور یہ چیز کبھی تبدیل نہیں ہوگی، آپ مجھ سے سیکھ سکتے ہیں مگر ضروری نہیں کہ آپ ہر وہ کام کریں جومیں کرتا ہوں۔ یاد رہے کہ آئی پی ایل میں سب سے زیادہ 326 چھکے لگانے کا اعزاز گیل کو ہی حاصل ہے،انھوں نے ہی اس ایونٹ میں سب سے زیادہ 4484 رنز 151 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ سے 125 میچز میں اسکور کیے ہیں۔