|

وقتِ اشاعت :   October 21 – 2020

کراچی: گلشن اقبال میں واقع مسکن چورنگی کے قریب دھماکےکے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

بدھ کی صبح ساڑھے 9 بجے کے قریب گلشن اقبال  کی مسکن چورنگی پر واقع رہائشی عمارت میں دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

دھماکا 4 منزلہ عمارت کے پہلے فلور پر ہوا اور عمارت کے نیچے ایک نجی بینک بھی واقع ہے جب کہ دھماکے کے نتیجے میں بلڈنگ گرنے سے اس کے نیچے کھڑی گاڑیاں بھی ملبے میں دب گئیں۔

پولیس نے بلڈنگ میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے سے بلڈنگ بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اس کے دو فلور مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں جب کہ دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔

 

پورا عملہ اسپتال میں ہے: ملازم نجی بینک

نجی بینک کے ملازم نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پورا عملہ اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہے، دھماکے کی آواز بہت شدید تھی اور ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے بلڈنگ اوپر گر گئی ہے۔

جیونیوز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں ان کی عمارت کے بھی شیشے بھی ٹوٹے ہیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے۔

ریسکیو اہلکاروں نے متاثرہ عمارت میں رہائش پذیر افراد کو نکالنے کا کام شروع کردیا ہے۔

ابتدائی طور پر دھماکا سلینڈر کا لگتا ہے: پولیس

پولیس کا کہنا ہےکہ دھماکا ابتدائی طور پر سلینڈر کا معلوم ہوتا ہے تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں اور علاقے کو سیل کردیا گیاہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کانوٹس

سرکاری ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے مسکن چورنگی پر دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو امدادی کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دھماکےکی وجوہات کا پتا نہیں چل سکا:کمشنر کراچی

کمشنر کراچی سہیل راجپوت کا کہنا ہےکہ   تحقیقات کے بعد دھماکےکی نوعیت کا پتا چل سکے گا۔

کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ  متاثرہ عمارت کو خالی کرالیا گیا ہے اور رہائشیوں کو متبادل رہائش دی جارہی ہے جب کہ ملبے میں اب کوئی شخص موجود نہیں ہے۔

 

نوٹ: اس خبر میں مسلسل تفصیلات شامل کی جارہی ہیں۔