لاہور: قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہرعلی کی کپتانی خطرے میں پڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ میں قومی ٹیسٹ ٹیم کی کمان کوئی اور سنبھالے گا۔ ٹیسٹ کرکٹ کی کپتانی کے لئے محمد رضوان اور بابراعظم کا نام زیر غور ہے۔
اطلاع ہے کہ سی ای او پی سی بی وسیم خان اظہر علی سے ملاقات بھی کرچکے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی ٹیسٹ کپتان سے متعلق آئندہ دو ہفتوں میں حتمی فیصلہ کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ بابر اعظم کو صرف وائٹ بال کرکٹ کا کپتان برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔ پی سی بی نے اظہر علی کو سیزن 21-2020 تک ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے لیے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔
اظہرعلی کو اکتوبر 2019 میں دورہ آسٹریلیا سے قبل کپتان مقرر کیا گیا تھا اور مصباح الحق کے اختیارات کم ہونے کے بعد سے افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ٹیسٹ کے کپتان کی کار کردگی کا بھی دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
اطلاعات ہیں کہ بورڈ کےاعلیٰ عہدے دار اور کرکٹ کمیٹی کےسینیئر رکن اظہرعلی کو تبدیل کر کے نوجوان کرکٹر کو کپتانی سونپنا چاہتے ہیں۔