|

وقتِ اشاعت :   November 16 – 2020

دوسرے ایلیمینٹر میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر پہلی بار ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی لیکن اس مقابلے کا دلچسپ لمحہ14ویں اوور کی پانچویں گیند پر دیکھنے میں آیا جب آفریدی پہلی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

لاہور قلندرز کے حارث رؤف نے شاہد آفریدی کو پہلی گیند پر بولڈ کیا۔ آفریدی کو آؤٹ کرنے کے بعد حارث رؤف جشن منانے کے بعد مسکراتے ہوئے شاہد آفریدی کے سامنے ہاتھ جوڑ لیے جس کا مطلب تھا’مجھے معاف کر دیں‘۔

پی ایس ایل کے ٹوئٹر پر شیئر کی ویڈیو میں حارث رؤف نےبتایا کہ ’شاہد آفریدی سینئر کھلاڑی ہیں اور میں سوچ کر آیا تھا کہ اگر شاہد بھائی کی وکٹ لی تو ایسا کروں‘۔

اس سے قبل پی ایس ایل میں شاہین آفریدی نے شاہد آفریدی کو آؤٹ کرنے کے بعد اپنے سینئر کا احترام کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کرنے سے گریز کیا تھا۔ شاہین آفریدی نے مصباح الحق کو بھی آؤٹ کرنے جشن نہیں منایا تھا۔

حارث رؤف نے ملتان سلطانز کے خلاف ایلیمنیٹر میں تین وکٹیں حاصل کرکے اس سال ٹی20 مقابلوں میں 50وکٹیں بھی مکمل کر لی ہیں۔ حارث رؤف نے وکٹوں کی نصف سنچری 31 میچوں میں مکمل کی ہے۔