|

وقتِ اشاعت :   November 24 – 2020

کوئٹہ:صوبائی وزرائے میر ظہور بلیدی اور انجینئر زمرک خان اچکزئی نے پشتون اضلاع کو نظر انداز کرنے کے اپوزیشن کے موقف سے اتفاق نہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت تمام اضلاع پر یکساں توجہ دے رہی ہے پسماندہ اضلاع سے پسماندگی کے خاتمے اور عوامی مسائل کے حل کے لئے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے

وزیراعظم عمران خان نے جنوبی بلوچستان پیکج کی طرز پر شمالی اضلاع کے لئے بھی پیکج کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن اراکین اصغر علی ترین او رنصراللہ زیرئے کے نکتہ اعتراض پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

ڈپٹی سپیکرسردار بابرخان موسیٰ خیل کی زیر صدارت صوبائی اسمبلی کا اجلاس منگل کے روز ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا ۔اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے جمعیت العلماء اسلام کے رکن اصغر علی ترین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورے اورجنوبی بلوچستان کے لئے چھ سو ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کرکے پشتون اضلاع کوکو نظر انداز کیاگیا ہے

پشتون اضلاع کے لئے بھی خصوصی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے انہوںنے کہا کہ رواں سال کی پی ایس ڈی پی میں بھی فنڈز کی منصفانہ تقسیم نہ ہونے سے ہمارے علاقے ترقیاتی عمل سے محروم ہیں ہمارے حلقوں میں بھی تعلیم ، صحت اور دیگر سہولیات کا فقدان ہے یہ علاقے بھی حکومت کی توجہ چاہتے ہیں ۔جے یوآئی کے یونس عزیز زہری نے کہا کہ ہمیں وفاقی حکومت کے اعلانات پر یقین نہیں رکھنا چاہئے انہوںنے پہلے جو اعلان کئے ہیں انہیں کو نسا پورا کیا ہے چھ سو ارب میں سے چھ ارب مل جائیں تو بھی بڑی بات ہوگی ۔

پشتونخوا میپ کے رکن نصراللہ زیرئے نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے ہرمعاملے پر یوٹرن لیتی ہے جنوبی بلوچستان پیکج کا اعلان کرکے پشتون علاقوں کوالگ رکھاگیا اس سے ہمیں کیا تاثر دیا جارہا ہے موجودہ حکومت کے دور میں کوئی بڑا اور قابل ذکر منصوبہ شروع نہیں ہوا اوستہ محمد کے لوگ پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کے لئے طویل لانگ مارچ کرکے کوئٹہ آئے ہیں اور یہاں وہ گزشتہ سترہ دن سے سراپااحتجاج ہیں حالانکہ وہاں کے نمائندے انگریزکے دور سے لے کرقائد اعظم محمد علی جناح اور موجودہ حکومت تک سب کے ساتھ رہے ہیں

اور آئندہ بھی حکومتوں کے ساتھ رہیں گے۔انہوںنے کہا کہ کوہلو میں سلنڈر دھماکے میں زخمی ہونے والے بچوں کے لئے حکومت نے اب تک معاوضوں اور امداد کا اعلان نہیں کیا متاثرہ خاندانوں کا مطالبہ ہے کہ زخمی بچوں کا علاج معالجہ کراچی کے اچھے ہسپتال میں کرایا جائے ۔وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے شمالی بلوچستان کے لئے بھی پیکج فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے آئندہ ایک دو ماہ کے دوران باقاعدہ اس کا اعلان کردیا جائے گا انہوںنے وزیر خزانہ ظہور بلیدی نے بھی وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں ہمارے اس موقف کی تائید اور حمایت کی ہے انہوںنے کہا کہ بلوچستان کے تمام علاقے پسماندہ ہیں

موجودہ حکومت تمام علاقوں پر یکساں توجہ مرکوز کرکے ترقیاتی عمل کو جاری رکھا گیا ہے پچاس سالہ تاریخ میں موجودہ پی ایس ڈی پی میں تمام اضلاع میں سکولز ، کالجز ، شاہراہیں ، ڈیمز ، ریزیڈینشل کالجز اور دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے موجودہ حکومت سابقہ ادوار کے منصوبوں کو بھی مکمل کررہی ہے انہوںنے کہا کہ ہم بلوچستا ن کے ساحل او روسائل اور حقوق کی بات کرتے ہیں اس حوالے سے وزیراعلیٰ جام کمال خان نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے واک آئوٹ تک کیا جس پر میںنے اور ظہور بلیدی نے باقاعدہ پریس کانفرنس بھی کی

انہوںنے کہا کہ ہم نے ہمیشہ صوبے کے مسائل کے حل کے لئے کردار اد اکیا ہے اور اس حوالے سے وفاق میں صوبے کا موقف اچھے طریقے سے پیش کیا ہے انہوںنے کہا کہ پہلی دفعہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کے لئے زیادہ حصہ رکھا گیا ہے ۔ صوبائی وزیر خزانہ ظہور بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع کو انفراسٹرکچر ،ہسپتالوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی ضرورت ہے 2010ء سے شروع ہونے والی انسرجنسی میں تربت اور گوادر کے علاوہ جنوبی بلوچستان کے باقی علاقوں میں ایک سڑک تک نہیں بنی ہے آئے روز تعمیراتی کمپنیوں کے سازمان کو نذر آتش کیا جاتا رہا

ان علاقوں کی ترقی کے لئے وزیراعظم کے اعلان کردہ پیکج کا خیر مقدم کرتے ہیں انہوںنے کہا کہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں ژوب تا کچلاک ،کوئٹہ ، زیارت چمالنگ سمیت دیگر منصوبوں کے لئے فنڈز رکھے گئے ہیں ہم نے مل کر بلوچستان کی ترقی کے لئے کام کرنا ہے وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ باقی اضلاع کے لئے بھی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔