|

وقتِ اشاعت :   December 4 – 2020

ڈیرہ مراد جمالی: محکمہ تعلیم نصیر آباد میں نان ٹیچنگ بھرتی ہونے والے ملازمین کو پندرہ ماہ گزرنے کے باوجود بھی انہیں تنخواہیں نہ مل سکیں نان ٹیچنگ اسٹاف ایسوسی ایشن نصیر آباد کے ایک وفد نے صوبائی مشیر محنت و افرادی قوت حاجی محمد خان لہڑی اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی میرسکندر خان عمرانی سے ان کی رہائش گاہوں پر علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیںوفد کی قیادت نان ٹیچنگ ایسو سی ایشن کے صدر محمد یعقو ب لہڑی کر رہے تھے۔

وفد میں سینئر نائب صدر بابو حسین بخش سولنگی،بابو نور احمد جتک،اعجاز اسلم بہرانی،خان مینگل،عبدالعزیز شر،عبدالغفار سولنگی سمیت دیگر شامل تھے وفد نے تنخوائوں کی عدم ادائیگی کے بارے میں صوبائی وزراء حاجی محمد خان لہڑی اور میر سکندر خان عمرانی کی آگاہی دی اور ان کے کہنے پر 7دسمبر کو ڈی سی آفس کے سامنے احتجاجی کیمپ بھی موخر کر دیا۔

صوبائی مشیر حاجی محمد خان لہڑی اور میر سکندر خان عمرانی نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نان ٹیچنگ ایسو سی ایشن کے مسائل جائز ہیں اس حوالے سے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے ملاقات کر کے آپ کی تنخوائوں کا مسئلہ حل کریں گے۔

صوبائی حکومت کی اولین کوشش ہے کہ عوام کو روز گار کے مواقع فراہم کریں ہم کسی کو بھی بے روز گار کرنا نہیں چاہتے صوبائی حکومت کی اولین کوشش ہے کہ میرٹ پر نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں ۔