|

وقتِ اشاعت :   December 5 – 2020

چین کے جنوب مغربی شہر چونگ چنگ میں کوئلے کی کان میں گیس بھرنے کے باعث دب کر 18 افراد ہلاک ہوگئے۔

یہ خطے میں دو ماہ کے عرصے میں پیش آنے والا اس نوعیت کا دوسرا حادثہ ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘رائٹرز’ نے چین کی سرکاری نیوز ایجنسی ‘زنہوا’ کے حوالے سے کہا کہ ہلاک ہونے والے افراد ان 24 افراد میں شامل تھے جو ڈایاشوئڈونگ کان میں زیر زمین پھنس گئے تھے، جہاں کاربن مونوآکسائیڈ گیس بھاری مقدار میں موجود ہوتی ہے۔

جس کوئلے کی کان میں حادثہ پیش آیا وہ دو ماہ سے زائد عرصے سے بند ہے اور کمپنی نے زیر زمین سے تمام آلات اور سامان بھی نکال لیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ بند ہونے کے باوجود کان میں حادثہ کیسے پیش آیا اس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ چین کی کانوں کو دنیا کی خطرناک ترین مانا جاتا ہے۔

ستمبر کے آخر میں بھی چونگ چنگ کی سونگ زاؤ کان میں کاربن مونوآکسائیڈ کے باعث پھنسے والے 16 مزدور ہلاک ہوگئے تھے۔

زنہوا نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ 1998 سے بطور نجی انٹرپرائز کام کرنے والی ڈایاشوئڈونگ میں گیس کی بھاری مقدار موجود ہے اور یہاں سے سالانہ ایک لاکھ 20 ہزار ٹن کوئلہ نکالا جاتا ہے۔

سال 2013 میں ایک کان میں زہریلی گیس ہائیڈروجن سلفائیڈ کی وجہ سے 3 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔