|

وقتِ اشاعت :   December 7 – 2020

کوئٹہ: زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین و رکن صوبائی اسمبلی ملک نصیر احمد شاہوانی نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے زرعی فیڈرز پر سبسڈی کی عدم ادائیگی محکمہ واپڈا نے بجلی منقطع کرنے کی دھمکی دی ہے، مرکز اور صوبہ فوری طور پر سبسڈی کی مد میں رقم کی ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ زمینداروں کی مشکلات میں کمی واقع ہو، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز زمیندار ایکشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں زمیندار ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری حاجی عبدالرحمن بازئی، ملک عبدالمجید مشوانی، حاجی خالق داد، حاجی شیر علی، نور احمد بلوچ و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ واپڈا کی جانب سے زرعی فیڈرز پر صرف 2 گھنٹے بجلی کی فراہمی بلکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے سبسڈی کی مد میں رقم کی ادائیگی نہ ہونے پر زمینداروں کے فیڈرز کی بجلی منقطع کرنے کی دھمکی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ وزیر اعلی بلوچستان کی ہدایت پر بنائی گئی کمیٹی کا اجلاس طلب کریں تاکہ محکمہ واپڈا، توانائی اور زمینداروں کی جانب سے سبسڈی سے متعلق فیصلہ ہو اجلاس میں تمام زمینداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ٹیوب ویلوں کی بجلی بلوں کی ادائیگی یقینی بنائیں۔