|

وقتِ اشاعت :   December 9 – 2020

بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے نقش قدم پر نہیں چلنا چاہتے۔

بنگلہ دیش ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضی 30 دسمبر کو پارلیمنٹ الیکشن میں حکمراں جماعت عوامی لیگ کی نشست سے امیدوار ہیں۔

37سالہ فاسٹ باؤلر نے ایک انڑویو میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایمانداری سے کہوں گا، جہاں ماضی کے کرکٹر اور کپتان عمران خان آج موجود ہیں، وہاں پہنچنے کا لوگ خواب دیکھتے ہیں،البتہ میری خواہش ہے کہ میں کھیلوں کے لیے کچھ کروں۔

ان کا کہنا تھا کہ چونکہ میں ایک کھلاڑی ہوں، اس لیے میں یہاں تک محدود رہوں گا۔

مشرفی مرتضی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے علاقے ناریل کے لیے اچھا کام کرنا چاہتے ہیں ، بنگلہ دیش ون ڈے ٹیم کے کپتان اپنے علاقے ناریل میں اسپتالوں کے لیے ایمبولینس دینے کیساتھ کاشتکاروں کو چاول کے بیچ دے چکے ہیں ۔

36 ٹیسٹ میں 78 اور 54 ٹی 20 میں 42 وکٹیں حاصل کرنے والے مشرفی مرتضی دونوں فارمیٹ سے ریٹائرڈ ہوچکے ہیں۔

مشرفی مرتضی بدستور ون ڈے کرکٹ سے ناصرف منسلک ہیں بلکہ کپتانی کے فرائض بھی انجام دے رہے ہیں اور خواہش رکھتے ہیں کہ 2023ء آئی سی سی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی قیادت کریں ۔