قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 انٹرنیشنل سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ بابراعظم اپنے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہونے کی وجہ سے سیریز سےآؤٹ ہوئے ہیں۔
اتوار کے روز کوئنز ٹاؤن میں نیٹ سیشن میں تھرو ڈاؤن کے دوران ایک گیند بابراعظم کے دائیں ہاتھ کے انگوٹھے پر لگی اور انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایاگیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بابراعظم کم از کم 12 روز تک نیٹ پریکٹس نہیں کرسکتے۔ تاہم وہ اس دوران اپنی فزیکل ٹریننگ جاری رکھیں گے۔ اس دوران قومی کرکٹ ٹیم کا میڈیکل پینل بابراعظم کی انجری کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا۔
مزید براں ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان بھی فٹ نہیں اور انہوں نے گزشتہ ٹریننگ سیشن میں صرف بلے بازی کی پریکٹس کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاداب خان ٹانگوں میں کھیچاؤ کا شکار ہیں اور اسی وجہ سے وہ زمبابوے کیخلاف پاکستان میں ہونے والی ٹی20 سیریز میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔
نیوزی لینڈ کیخلاف سرفراز احمد اور حسین طلعت کی ٹی 20اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ محمد رضوان، حیدر علی، محمد حفیظ، افتخاراحمد، خوشدل شاہ، حسین طلعت، محمد حسنین، حارث رؤف، شاہین آفریدی، عثمان قادر، وہاب ریاض، فہیم اشرف، عماد وسیم اور عبداللہ شفیق بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ پاکستان کے خلاف 3 ٹی20 اور 2 ٹیسٹ میچزکی میزبانی کرے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی20 میچ 18 دسمبرکو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔
دوسرا میچ 20 دسمبر ہیملٹن، تیسرا اور آخری میچ 22 دسمبرکو نیپئر میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 دسمبر تک ٹورنگا میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے 7 جنوری تک کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔