|

وقتِ اشاعت :   January 17 – 2021

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیرو رکن قومی مولانا عبدالواسع اورجنرل سیکرٹری سید آغا محمود شاہ نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل اور سلیکٹڈ حکومت نے غریب عوام کو مہنگائی تلے ڈبودیا ہے ، ایک ماہ میں 2مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ حیران کن ہے۔

ناقص پالیسیوں اور حکمت عملی کے باعث ملک بحرانوں سے دوچار ہے ۔ حکمرانوں نے انتخابات سے قبل عوام کو جھوٹے اور بلند و بانگ دعوئوں کے ذریعے ورغلایا اور اب ان پر کمر توڑ مہنگائی کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں اقتدار سے قبل حکومت پر تنقید کرنے والوں نے آج ملک کا جو حشر کیا وہ سب کے سامنے ہیں ، ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔

نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا تو کجا برسرروزگار لوگوں کو نوکریوں سے فارغ کردیا گیا اس لئے اب موجودہ حکمرانوں کو عوام پر حکمرانی کا مزید کوئی جواز باقی نہیں رہا اس لئے وہ خوداخلاقی طور پر مستعفی ہو گھر چلے جائے ۔

انہوں نے کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز کے واقعات سے حکمرانوں کے امن وامان کی بہتری سے متعلق دعوئوں کو غلط ثابت کردیا ہے فوری طور پر دھماکے میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔