|

وقتِ اشاعت :   January 26 – 2021

آواران: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان پیر کے روز آواران پہنچے صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر عارف جان محمد حسنی، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، صوبائی سیکرٹریز و دیگر اعلیٰ حکام وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر کمپلیکس پہنچنے پر وزیراعلیٰ کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ جبکہ آواران آمد پر وزیراعلیٰ کا اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور امن وامان کی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر آواران سیف اللہ کھیتران نے اجلاس کو جاری ترقیاتی منصوبوں، امن وامان کی صورتحال، صحت، تعلیم سمیت دیگر شعبوں کی ترقی وبہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں آواران میں جاری صحت، تعلیم، پانی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا

۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کالجز اور سکولز میں اساتذاور ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کالجوں میں طلباء و طالبات کیلئے ہاسٹلز کے قیام اور اساتذہ کیلئے رہائشی کوارٹرز کیلئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ کالجز کے منصوبوں میں طلباء اور خاص طور پر طالبات کیلئے بسوں کی فراہمی کو پی سی ون میں شامل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت صوبے میں صحت عامہ کے نظام کی بہتری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہی ہے۔ ان اقدامات سے صوبے کے ہسپتالو میں ڈاکٹروں کی کمی پوری ہونے کے ساتھ ساتھ صحت کا نظام بہتر ہوگا۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ نے صوبائی وزراء کے ہمراہ سپورٹس کمپلیکس،گورنمنٹ گرلز انٹر کالج اور بوائز ڈگری کالج کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

وزیراعلیٰ کو اس موقع پر متعلقہ حکام کی جانب سے ان منصوبوں سے متعلق تفصیلاً آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے گرلز اور بوائز کالج کے مختلف حصوں اور کلاس رومز کا معائنہ کیااور طلباء سے سوالات کئے۔اپنے دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے آواران میں نصب لکویفائڈ پیٹرولیم گیس(ایل پی جی) پلانٹ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے پلانٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔

بعدازاں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے آواران میں 2013کو آنے والے زلزلہ متاثرین میں ایچ آر اے پراجیکٹ کے تحت گھروں کی تعمیر کے منصوبے کے تحت چیک تقسیم کئے۔ صوبائی وزیر مواصلات میر عارف جان محمد حسنی، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، صوبائی سیکرٹریز، کمشنرقلات ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر بھی اس موقع پر موجود تھے۔