تربت: نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ملک کے سیاسی و معاشی مسائل اور مشکلات کا حل شفاف و غیرجانبدار الیکشن کا انعقاد ہے ۔
موجودہ حکمرانوں نے ملک کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے۔ نیشنل پارٹی پنجاب کے صدر ملک ایوب کے گھر پر حملہ بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے جس کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکزی رہنماؤں کے ساتھ خصوصی اجلاس میں کیا۔ انھوں نے کہاکہ ملک میں قانون کی حکمرانی، جمہوریت کیاستحکام اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے ملک بھر کی سیاسی و قومی جماعتیں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔
اور پی ڈی ایم عملا بلوچستان کے عوام کی ترجمانی کررہا ہے بلوچستان کی سیاسی جماعتیں اس میں اپنا بھر پور سیاسی کردار ادا کریں گے۔ انھوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی پنجاب کے صدر ملک ایوب کے چکوال کے گھر پر تیل ڈال کر آگ لگانے کے عمل کی شدید الفاظ میں مزمت کرتی ہے انھوں نے کہاکہ آگ سے گھر اور گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ہے حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ واقع کی تحقیقات کریں اور زمہ داروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائیں۔
انھوں نے کہاکہ اس ملک کے سیاسی و معاشی مسائل کا حل صاف و شفاف غیر جانبدار انتخابات میں ہے الیکشن عمل میں بے جاہ مداخلت کی وجہ سے مسائل جنم لے رہے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں دونوں ملک کی تاریخ کے ناکام ترین حکومتیں ہیں ترقیاتی عمل رکھ چکا ہے۔
امن و امان کی صورتحال بہت زیادہ خراب ہے تربت جیسے علاقے میں روزانہ دسوں ڈکیتیاں رپورٹ ہورہی ہیں لیکن انتظامیہ اور حکومت کو کوئی پرواہ ہی نہیں۔ انھوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ پارٹی کو ہر سطح پر فعال و متحرک کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔