خضدار: جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی خضدار کی جانب سے غیر اعلامیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج تفصیلات کے مطابق پیر کو جھالاون زمیندار ایکشن کمیٹی خضدار کی جانب سے دیہی علاقوں میں غیر اعلامیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف کیسکو سب ڈویژن خضدار کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مختلف علاقوں سے آئے ہوئے زمینداروں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔
جن پر کیسکو کی جانب سے ناروا سلوک بند کرو کے نعرے درج تھے احتجاجی مظاہرین سے جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی خضدار کے چیئرمین عبدالوہاب غلامانی سٹی صدر علی اکبر زہری میر محمد رئیسانی صدر جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی وڈھ وہیرمحمد عثمان شاہوزئی چیئرمین سٹی نال شریف شہزاد سنجرانی جنرل سیکریٹری جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی نال ارباب بزگر سنیئر نائب صدر جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی نال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیسکوکو اب اپنی روش میں تبدیلی لانی ہوگی۔
روزکے لارے لپوں سے ہم تنگ آگئے ہیں ہمارا معاشی قتل ہورہا ہے بلوں کی ادائیگی سمیت غیر قانونی کنکشنز کے خاتمے تک ہم کیسکو کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں اس کے باوجود عین فصلوں کی بوائی کے وقت بجلی کی طویل غیر اعلامیہ لوڈ شیڈنگ کرکے زمینداروں کو بھاری معاشی نقصان سے دو چار کردیا جاتا ہے یہ عمل ہمیں کسی صورت قبول نہیں انہوں نے کہا کہ کیسکو انتظامیہ ہمیں مجبور نہ کرے کہ ہم کوئی ایسا لائحہ عمل طے کریں کہ جس سے ادارے کی ساکھ مزید خراب ہو زمیندار ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ آج ضلع بھر سے زمیندار سراپا احتجاج ہیں احتجاج کوئی خوشی سے نہیں کرتا بلکہ مجبوری کی انتہا سے کرتا ہے۔
اس موقع پر ایکسیئن کیسکو خضدار سیف اللہ جاموٹ نے مظاہرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم صارفین کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں کیسکو اپنے کسی صارف کو بلاوجہ پریشان نہیں کرنا چاہتی یہ مسائل آبادی میں بے تہاشا اضافہ اور بجلی کی طلب میں اضافہ کے باعث پیش آرہا ہے۔
ہمیں یہ بھی احساس ہے کہ زمینداروں کی معاشی کمزوری سے معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ہمیں اپنے تمام صارفین کے مسائل کا ادراک ہے ہماری کوشش ہے کہ اپنے صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں جس کے لئے ہم ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔